پاکستان میں فائیو جی سے متعلق سے بڑی خوشخبری

پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز یعنی 5G اسپیکٹرم کی نیلامی کا اعلان کرتے ہوئے تاریخ حتمی کر دی ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق یہ نیلامی 10 مارچ 2026 کو ہوگی۔

پی ٹی اے نے کہا ہے کہ نیلامی مکمل شفاف اور مسابقتی ماحول میں ہوگی اور اسٹیک ہولڈرز کے مشورے کے بعد اس کا شیڈول تیار کیا گیا ہے۔ ٹیلی کام آپریٹرز کو تیاری کے لیے مناسب وقت فراہم کیا گیا ہے۔

اطلاع کے مطابق وفاقی حکومت کے پالیسی ڈائریکٹو کی روشنی میں جاری انفارمیشن میمورنڈم میں 5G اسپیکٹرم کی نیلامی سے متعلق تمام اہم ضوابط اور شرائط شامل کی گئی ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق ہر ٹیلی کام کمپنی ہر سال کم از کم 1 ہزار نئی سائٹس قائم کرنے کی پابند ہوگی۔ پہلے مرحلے میں 5G خدمات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں متعارف کرائی جائیں گی۔ موجودہ ٹاورز کے 10 فیصد کو 5G پر منتقل کرنے کی بھی پابندی ہوگی۔

انفارمیشن میمورنڈم کے مطابق 4G کی کم از کم انٹرنیٹ اسپیڈ کو 4 ایم بی پی ایس سے بڑھا کر 20 ایم بی پی ایس مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پہلے سال کمپنیاں اس اسپيڈ کو 10 ایم بی پی ایس تک لے آئیں گی۔ 5G کے لیے کم از کم سپیڈ 50 ایم بی پی ایس ہوگی اور یہ سروس بڑے شہروں میں تیزی سے متعارف کرائی جائے گی۔

نیلامی میں کل 597.2 میگا ہرٹز اسپیکٹرم چھ بینڈز میں پیش کیا جائے گا: 700 میگا ہرٹز میں 30، 1800 میں 7.2، 2100 میں 40، 2300 میں 50، 2600 میں 190 اور 3500 میگا ہرٹز میں 280 میگا ہرٹز اسپیکٹرم شامل ہے۔ کمپنیوں کو 20 دن میں اپنے تجاویز پی ٹی اے کو جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے اور 26 مارچ کے بعد فائنل انفارمیشن میمورنڈم جاری کیا جائے گا۔

Scroll to Top