پشاور:ٹی ایم ایز ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے لئے ایک ارب 36کروڑ روپے جاری

محمد اعجاز آفریدی
پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر کی تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز (ٹی ایم ایز) کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لئے 136 کروڑ روپے سے زائد کی گرانٹ جاری کر دی ہے۔

اس ضمن میں محکمہ خزانہ کی جانب سے باقاعدہ ریلیز آرڈر جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والے ریلیز آرڈر کے مطابق یہ گرانٹ ویک ٹی ایم ایز گرانٹ ٹو کے تحت مالی سال2025-26 ءکے دوران جاری کی گئی ہے، جس کا مقصد ان تحصیل میونسپل اداروں کی مدد کرنا ہے جو اپنی محدود آمدن کے باعث ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن بروقت ادا کرنے سے قاصر ہیں۔

محکمہ خزانہ کے مطابق یہ فنڈز صوبے کی77 تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کو فراہم کیے گئے ہیں جن میں پشاور، مردان، نوشہرہ، صوابی، چارسدہ، کرک، کوہاٹ، ہری پور، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، لکی مروت، ٹانک، دیر، سوات، شانگلہ، باجوڑ، مہمند، خیبر اور جنوبی و شمالی وزیرستان کی مختلف ٹی ایم ایز شامل ہیں۔

فراہم کردہ رقوم کی مالیت مختلف ٹی ایم ایز کی مالی ضروریات اور واجبات کے مطابق رکھی گئی ہے۔

محکمہ خزانہ کے مطابق اس گرانٹ کے ذریعے مارچ 2026 تک ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا، تاہم اس کے لئے متعلقہ ضلعی و تحصیل انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام قانونی و انتظامی تقاضے مکمل کریں اور فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنائیں۔

محکمہ خزانہ نے اپنے آرڈر میں واضح کیا ہے کہ یہ رقم موجودہ مالی سال کے اندر مختلف مدات میں ری اپروپری ایشن کے ذریعے فراہم کی گئی ہے اور اسے ضلعی اکاؤنٹس افسران کے ذریعے متعلقہ ٹی ایم ایز کے پبلک اکاؤنٹس میں منتقل کیا جائے گا۔

محکمہ خزانہ نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ فنڈز کا استعمال کسی اور مد میں نہیں کیا جا سکے گا ،ا س فنڈز سے صرف تنخواہیں اور پنشن کی ادائیگیاں ہوگی

Scroll to Top