ملک کے شمالی و بالائی علاقوں میں ایک بار پھر بارش اور ہلکی برفباری نے سردیوں کے موسم کو مزید حسین اور کڑک کر دیا ہے۔
گلیات، مظفر آباد اور چلاس میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری ہوئی جس سے درجہ حرارت میں واضح کمی اور سردی کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
بابوسر ٹاپ، نانگا پربت اور بھٹو گاہ ٹاپ سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی سفید موتیوں کی برسات جاری رہی۔ داریل، تانگیر، نیاٹ اور گوہر آباد کے پہاڑوں پر بھی موسم کے یہ حسین مناظر دیکھنے کو ملے۔
سوات کے مشہور سیاحتی علاقوں کالام اور مالم جبہ میں بھی روئی کے گالے گرتے رہے اور ہر طرف سفیدی چھا گئی۔ مقامی شہریوں نے اور سیاحوں نے اس خوبصورت منظر کا بھرپور لطف اٹھانے کے لیے سیاحتی مقامات کا رخ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پیرس کی لگژری زندگی چھوڑ کر سادہ زندگی اپنانے والے شہری کا حیران کن فیصلہ
برف پوش وادی میں کئی سیاح اور بچے سکیٹنگ کرتے ہوئے اپنے حسین لمحات کو یادگار بنا رہے تھے۔ مقامی ہوٹل مالکان نے کہا کہ برفباری سے علاقے میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور یہ موسم سیاحتی سرگرمیوں کے لیے بہترین موقع فراہم کر رہا ہے۔
موسمیاتی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں آئندہ چند دنوں کے دوران بھی ہلکی بارش اور برفباری جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے ٹریفک کے مسائل اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔





