پشاور اور مردان میں ٹیکس نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد یونٹس سیل

پشاور: محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا کی جانب سے صوبے میں پراپرٹی ٹیکس کی وصولی بہتر بنانے اور مقررہ ریونیو اہداف حاصل کرنے کے لیے ٹیکس نادہندگان کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے۔

اس مہم کے تحت پشاور اور مردان میں بڑے نادہندگان کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

پشاور میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس کے تحت پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر پشاور توصیف خان کی نگرانی میں اسسٹنٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر زرعلی خان کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو بڑے ٹیکس نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے لیے سرگرم ہیں۔

حکام کے مطابق بارہا نوٹسز جاری کرنے کے باوجود ٹیکس واجبات ادا نہ کرنے پر قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، جس کے دوران پشاور میں متعدد پراپرٹی ٹیکس نادہندہ یونٹس کو سیل کر دیا گیا ہے۔

ادھر ضلع مردان میں بھی محکمہ ایکسائز کی جانب سے خصوصی مہم جاری ہے۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ضلع مردان محمد خالد کی زیر نگرانی اسسٹنٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر شیر محمد خان کی سربراہی میں پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کو مؤثر بنانے کے لیے جامع کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی ٹیمیں اور سیلنگ اسکواڈز تشکیل دیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت میچ سے پہلے صاحبزادہ فرحان کا پر اعتماد اعلان

محکمہ کے مطابق مردان میں سیلنگ اسکواڈ نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے متعدد ٹیکس نادہندہ پراپرٹی یونٹس کو سیل کر دیا ہے۔

محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی اور مشکلات سے بچنے کے لیے پراپرٹی ٹیکس نادہندگان اپنے واجبات بروقت ادا کریں۔

Scroll to Top