فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا جرمنی کا دورہ، امریکی وزیر خارجہ سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جرمنی کا دورہ کیا، میونخ میں منعقدہ 62ویں سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے میونخ سیکیورٹی کانفرنس کے موقع پر مختلف عالمی رہنماؤں اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں ، علاقائی سیکیورٹی، عالمی امن اور انسداد دہشتگردی کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق فیلڈ مارشل نے امریکی وزیر خارجہ سمیت دیگر اعلیٰ امریکی حکام سے بھی ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان انسداد دہشتگردی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جرمن وزیر داخلہ، مشیر خارجہ اور چیف آف ڈیفنس سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ تبادلوں اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے برازیل کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف اور لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر سے بھی ملاقات کی، جن میں دفاعی روابط کے فروغ اور خطے میں امن و سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی جی آئی ایس پی آر کا یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی لاہور کا دورہ، طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرنے اور دوطرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو وسعت دینے کے حوالے سے اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔

Scroll to Top