عمران خان کی بینائی میں نمایاں بہتری، جیل میں طبی معائنہ، ذاتی معالجین اور اپوزیشن رہنماؤں کو ڈیڑھ گھنٹہ بریفنگ

پمز اور الشفاء انٹرنیشنل کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا مکمل اور تفصیلی طبی معائنہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے بتایا کہ عمران خان کی بینائی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور جاری علاج پر انہیں مکمل اطمینان ہے۔

ذرائع کے مطابق طبی ٹیم نے معائنے کے بعد اپوزیشن رہنماؤں اور خان صاحب کے ذاتی معالجین کو ڈیڑھ گھنٹے تک تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بانی پی ٹی آئی کی موجودہ صحت اور علاج کے اقدامات سے متعلق مکمل وضاحت کی گئی۔

ماہرین امراض چشم نے کہا کہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی بینائی کی حالت میں بہتری قابلِ توجہ ہے، اور انجیکشن اور دیگر طبی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے علاج کی نوعیت اور اس کے اثرات پر بھی مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

یہ معائنہ ایسے وقت میں کیا گیا جب بانی پی ٹی آئی کی صحت کو لے کر سیاسی اور عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی تھی۔ طبی رپورٹ اور تفصیلی بریفنگ سے اپوزیشن رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی کی موجودہ صحت اور علاج کے حوالے سے تازہ ترین معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

Scroll to Top