وفاقی وزیر امور کشمیر، انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ موٹروے کی بندش کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور حکومت کو فوری طور پر پی ٹی آئی کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔
امیر مقام نے اپنے بیان میں کہا کہ سوات سے اسلام آباد کے سفر کے دوران راستے میں بچے، خواتین اور بیمار افراد پھنسے ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ موٹروے بند ہونے سے نہ صرف لوگ شدید تکلیف برداشت کر رہے ہیں بلکہ کئی لوگوں کی فلائٹس مس ہو رہی ہیں اور اسپتال جانے والے شہری بھی بروقت اپنی منزل تک نہیں پہنچ پا رہے۔
وفاقی وزیر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئی جی کے پی عوام کو تکلیف پہنچانے والے افراد کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کریں اور تحریک انصاف کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کے کیس عدالتوں میں لڑے جائیں، مگر عوام کو بلاوجہ مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
امیر مقام نے زور دیا کہ عوام کے ساتھ ہونے والے ظلم کو روکا جائے اور ریاست فی الفور کارروائی کرے تاکہ لوگوں کی روزمرہ زندگی متاثر نہ ہو۔





