پی ٹی آئی میں دراڑ، روڈز بندش پر قیادت دو دھڑوں میں بٹ گئی، اختلافات کھل کر سامنے آگئے

خیبر پختونخوا میں جاری سڑکوں کی بندش کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت دو مختلف گروپوں میں تقسیم ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی کے ایک اہم گروپ نے موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کل تک تمام بند سڑکیں کھول دی جائیں تاکہ عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔

پارٹی کے اندرونی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک دھڑا روڈز بندش کو سیاسی دباؤ بڑھانے کا مؤثر ذریعہ قرار دے رہا ہے، جبکہ دوسرا گروپ اس اقدام کے نتیجے میں عام شہریوں کی مشکلات، کاروباری سرگرمیوں کی رکاوٹ اور مریضوں کی اسپتال تک رسائی میں دشواری کے حوالے سے تشویش کا اظہار کر رہا ہے۔

پارٹی کے معتدل مؤقف رکھنے والے رہنماؤں نے کہا کہ روڈز بندش سے عوام کی مشکلات بڑھ رہی ہیں اور آپ لوگ سانحہ 9 مئی جیسے مزید المناک حالات کی طرف کارکنوں کو لے جا رہے ہیں۔

عوام پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری کے مسائل سے دوچار ہیں، ایسے میں سڑکوں کی بندش عوامی اذیت میں اضافہ کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

دوسری جانب سخت مؤقف رکھنے والا گروپ اپنے فیصلے کو پارٹی پالیسی اور موجودہ سیاسی حالات کے تناظر میں ضروری قرار دے رہا ہے تاہم اندرونی اختلافات کی وجہ سے قیادت کو حکمت عملی پر نظرثانی کرنا پڑ سکتی ہے۔

Scroll to Top