آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے کے آج دو اہم میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان دن 2:30 بجے شروع ہوگا، جبکہ دوسرے میچ میں بھارت اور جنوبی افریقہ مدمقابل ہوں گے، جو ساڑھے 6 بجے احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ سپر ایٹ مرحلے کا پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان گزشتہ روز بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا، جس کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا ہے۔ پاکستان کے لیے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف ہر صورت فتح ضروری ہے۔
اگر پاکستان ایک میچ جیتتا ہے اور ایک میں شکست کھاتا ہے تو ’’اگر مگر‘‘کی صورتحال پیدا ہو جائے گی، جبکہ دونوں میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان براہ راست سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔
آج کے میچز میں شائقین کرکٹ کے لیے سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے، اور ہر ٹیم سیمی فائنل کی راہ ہموار کرنے کے لیے اپنی بھرپور کوشش کرے گی۔





