چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ علیمہ خان نے مجھے کبھی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کا پیغام نہیں بھیجاہے ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ علیمہ خان نے انہیں کبھی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کا کوئی پیغام نہیں بھیجا اور نہ ہی کبھی یہ تاثر دیا کہ وہ پارٹی چیئرپرسن بننے کی خواہشمند ہیں
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ علیمہ خان نے چیئرمین شپ کے معاملے میں کبھی مداخلت نہیں کی، اور شیرافضل مروت کی ٹی وی پر گفتگو سے انہیں شدید مایوسی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وعدہ کیا گیا تھا کہ متنازع بیانات نہیں دیے جائیں گے، لیکن چینلز پر بیٹھ کر کسی شخصیت پر بلا جواز تنقید کرنا درست نہیں ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ 3 مارچ 2024 کو پارٹی انتخابات ہوئے اور 10 اپریل کو الیکشن کمیشن کو دستاویزات فراہم کی گئیں۔ اپریل 2024 میں سرٹیفکیٹ کے منتظر تھے، اس لیے اس معاملے پر کسی قسم کی غیر ضروری گفتگو کا جواز نہیں بنتا۔ انہوں نے پارٹی کے تمام اراکین سے اپیل کی کہ مزید متنازع بیانات دینے سے اجتناب کیا جائے۔





