تھانہ خرم کے حدود میں قائم ایف سی قلعے پر آج ایک کواڈکاپٹر حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں پانچ ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں حوالدار صابر، سپاہی آمین، سپاہی زوہیب، سپاہی مراد اور سپاہی یوسف شامل ہیں۔
ڈی پی او کرک کے مطابق حملے کے بعد پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ علاقے میں عوام کو احتیاط برتنے اور سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





