قومی ہاکی ٹیم کو مصر جانے کا گرین سگنل مل گیا، این او سی بھی جاری

اسلام آباد: قومی ہاکی ٹیم کو مصر میں شیڈول ورلڈ کپ کوالیفائرز میں شرکت کے لیے این او سی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ٹیم کی ایونٹ میں شرکت کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم یکم سے 7 مارچ تک مصر میں منعقد ہونے والے اہم کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لے گی، جہاں قومی کھلاڑی ورلڈ کپ تک رسائی کے لیے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔

ٹیم کے اسکواڈ میں گول کیپر منیب الرحمان اور علی رضا شامل ہیں، جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں عماد شکیل بٹ، محمد سفیان خان، غضنفر علی اور احمد ندیم شامل ہیں۔

اس کے علاوہ معین شکیل، محمد عبداللہ، محمد حماد الدین انجم، رانا عبد الوحید اشرف، افراز اور ابوبکر محمود بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں عبدالرحمان، حمزہ فیاض، زکریا حیات، ارشد لیاقت، رانا محمد ولید اشرف، ارباز احمد، محمد عماد اور عمیر ستار شامل ہیں، جو ٹیم کی مجموعی طاقت اور توازن میں اہم کردار ادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کے جڑواں بچے آپریشن کے لیے سعودی قیادت کی ہدایت پر ریاض پہنچ گئے

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کی روانگی وزارت بین الصوبائی رابطہ اور متعلقہ اداروں کی حتمی کلیئرنس سے مشروط ہوگی۔ تمام انتظامی اور سفری امور مکمل ہونے کے بعد ٹیم مصر روانہ ہوگی۔

قومی ہاکی ٹیم کی مصر روانگی اور ورلڈ کپ کوالیفائرز میں شرکت کو پاکستانی ہاکی کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے، جہاں کھلاڑیوں سے بہتر کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top