کون کریگا عمران خان سے ملاقات ؟ فہرست تیار ، شامل افراد کے نام سامنے آگئے

کون کریگا عمران خان سے ملاقات ؟ فہرست تیار ، شامل افراد کے نام سامنے آگئے

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے آج اڈیالہ جیل میں ملاقات، 6 رکنی فہرست جیل حکام کو ارسال

اڈیالہ جیل میں آج بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کا دن مقرر ہے، جس کے لیے چھ افراد پر مشتمل فہرست جیل حکام کو باقاعدہ طور پر ارسال کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے لیے ناموں کی فہرست پاکستان تحریک انصاف کے کوآرڈی نیٹر سلمان اکرم راجہ کی جانب سے جیل انتظامیہ کو بھجوائی گئی۔ فہرست میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، سلمان اکرم راجہ اور شفقت اعوان شامل ہیں۔

اس کے علاوہ فیصل ملک، نعیم حیدر پنجوتھا اور فتح اللہ برکی کے نام بھی ملاقات کرنے والوں کی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آج بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے اہل خانہ کی جانب سے بھی اڈیالہ جیل آمد کا امکان ہے۔ جیل انتظامیہ کی جانب سے ملاقات کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور ضابطہ کار کے مطابق داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

واضح رہے کہ جیل میں قید اہم سیاسی شخصیات سے ملاقات کے لیے پیشگی فہرست کی منظوری ضروری ہوتی ہے، جس کے بعد ہی متعلقہ افراد کو ملاقات کی اجازت دی جاتی ہے۔

سیاسی حلقوں کی نظریں آج کی ملاقات پر مرکوز ہیں، جسے پارٹی کی آئندہ حکمت عملی کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top