ہزارہ ڈویژن کے عوام کیلئے بڑی خوشخبری، سہیل آفریدی نے 200 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا

ہزارہ ڈویژن کے عوام کیلئے بڑی خوشخبری، سہیل آفریدی نے 200 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت خیبر پختونخوا ہاؤس میں ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرینز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے سلسلے میں تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس کے دوران وفاقی حکومت سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر انتظام ہری پور تا مانسہرہ جی ٹی روڈ کو دو رویہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ سڑک کی توسیع کے لیے صوبائی حکومت مالی معاونت فراہم کرے گی تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔

وزیر اعلیٰ نے ہزارہ ڈویژن کے لیے 200 ارب روپے کا خصوصی جامع ترقیاتی پیکج تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس میں سے 50 ارب روپے سیاحت کے منصوبوں کے لیے مختص کیے جائیں۔ پارلیمنٹیرینز کو ہدایت دی گئی کہ خصوصی ترقیاتی پلان میں شامل سکیموں کی تجاویز پر علیحدہ مشاورتی نشست منعقد کی جائے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے الائی کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا ترقیاتی پروگرام ماضی سے مختلف اور نمایاں ہوگا، جس میں بڑے اور عوامی اہمیت کے حامل منصوبے شامل کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اولین ترجیح دی جائے گی تاکہ عوام فوری طور پر مستفید ہو سکیں۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ اے ڈی پی کو حتمی شکل دینے سے قبل ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ونز تیار کیے جائیں گے اور صوبے کے پسماندہ اضلاع پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اجلاس میں سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اور ہزارہ ڈویژن سے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی شریک ہوئے۔

صوبائی وزیر سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھرپور سرمایہ کاری کی جائے گی تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ خصوصی ترقیاتی پیکج کی ترجیحات عوام کی ضروریات اور علاقائی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کی جائیں گی۔

Scroll to Top