قومی شناختی کارڈ اور پاکستان اوریجن کارڈکے قواعد میں بڑی ترامیم،نوٹیفکیشن جاری

حکومت کی جانب سے قومی شناختی کارڈ اور پاکستان اوریجن کارڈ کے قواعد میں اہم ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

یہ ترامیم S.R.O. 330(I)/2026 اور 331(I)/2026 کے ذریعے گزٹ آف پاکستان میں باقاعدہ شائع کر دی گئی ہیں۔ ان ترامیم کے تحت کیو آر کوڈ کو اب قانونی طور پر سیکیورٹی اور تصدیقی فیچر کی حیثیت حاصل ہو گئی ہے جس کی مدد سے آف لائن اور آن لائن فوری ویری فکیشن ممکن ہو سکے گی۔

گزٹ میں شائع ترامیم کے مطابق کیو آر کوڈ یا دیگر تکنیکی فیچرز کو مائیکرو چپ کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا جس سے مستقبل میں مختلف اقسام کے بجائے یکساں نوعیت کے کارڈز جاری کیے جائیں گے۔

نئے قواعد کے تحت ڈیجیٹل تصدیق اور اینٹی فراڈ نظام کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور اب کارڈ معطل ہونے پر اس سے جڑی تمام تصدیقی خدمات فوری طور پر روک دی جائیں گی۔

گزٹ آف پاکستان میں شائع ہونے والی ان ترامیم میں فنگر پرنٹس اور آئرس اسکین کو بھی ضابطے کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ ساٹھ سال سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے تاحیات مؤثر اسمارٹ کارڈز کے اجراء کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر کے رہائشیوں کے کارڈز پر مخصوص عبارت درج کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ اسمارٹ کارڈز کے نئے نمونوں میں جدید سیکیورٹی لے آؤٹ اور کیو آر کوڈ شامل کر کے قومی ڈیجیٹل آئی ڈی نظام کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔

Scroll to Top