سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کی ساتویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو عزت اور وقار کے ساتھ امن کا خواہاں ہے۔
ائیر چیف نے یاد دہانی کرائی کہ سات سال قبل دشمن نے پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا اور اپنی غلط اندازوں کی بنیاد پر ہمارے عزم اور صلاحیت کا کم تخمینہ لگایا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ آور ہوا مگر پاک فضائیہ نے دن کی روشنی میں نپی تلی اور مؤثر کارروائی کے ذریعے عددی برتری رکھنے والے دشمن کے خلاف اپنی دفاعی قوت کا مظاہرہ کیا۔
ایئر چیف نے کہا کہ مارچ 2021 سے پاک فضائیہ نے ایک جامع جدت طرازی اور مقامی سطح پر تیاری کا سفر شروع کیا تاکہ اسے نیکسٹ جنریشن ایئر فورس میں تبدیل کیا جا سکے۔
انہوں نے زور دیا کہ پی اے ایف نے جدید جنگ کے تقاضوں کے مطابق آپریشنل ڈاکٹرائن کو ازسرنو ترتیب دیا اور جدید حربی، معاون صلاحیتیں اور خصوصی ٹیکنالوجیز شامل کیں۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ مئی 2025 میں جب دشمن نے دوبارہ پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا، پاک فضائیہ نے مکمل دائرہ کار پر مبنی کثیر جہتی آپریشنز انجام دیے، جس میں دشمن کو فیصلہ کن شکست ہوئی اور متعدد جدید طیارے اور بغیر پائلٹ فضائی نظام مار گرائے گئے۔
دشمن کے بیسز اور زمینی اثاثے بھی نشانہ بنائے گئے، جبکہ ایس-400 فضائی دفاعی نظام اور کمانڈ سینٹر کو ناکارہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: افواج پاکستان نے افغان ٹاپ سر پوسٹ پر قبضہ کر لیا، افغان طالبان اپنی شلواریں چھوڑ کر فرار
ایئر چیف نے عزم ظاہر کیا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ عوام کی توقعات پر پورا اترے گی اور قومی فخر کی علامت بنی رہے گی۔ آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کی سالگرہ پاک فضائیہ کے عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور متوازن ردعمل کی ایک نمایاں مثال کے طور پر منائی گئی۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کے درمیان ہم آہنگی ملک کے امن، استحکام اور ذمہ دارانہ دفاعی مؤقف کی ضمانت ہے۔





