سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق کے تحت افواجِ پاکستان کی افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ تازہ کارروائی میں پاک فوج نے افغانستان کے شہر قندھار میں افغان طالبان کے 205 کور کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو کامیاب کارروائی کے دوران تباہ کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس آپریشن میں افغان طالبان کے اسلحہ اور گولہ بارود کے ذخائر کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچا۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق کارروائی انتہائی منصوبہ بندی کے تحت کی گئی جس میں اہم عسکری تنصیبات کو ہدف بنایا گیا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ آپریشن کے آغاز سے اب تک افغان طالبان رجیم کے 481 کارندے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 226 چیک پوسٹیں تباہ کی جا چکی ہیں اور 35 چیک پوسٹوں پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق آپریشن غضب للحق کے دوران افواجِ پاکستان کی جانب سے مؤثر زمینی اور فضائی کارروائیاں جاری ہیں، جن کا مقصد سرحدی علاقوں میں دہشت گرد عناصر کے ٹھکانوں کو ختم کرنا اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان کی جانب سے افغانستان میں واقع اہم عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا جا چکا ہے، جن میں بگرام ایئر بیس بھی شامل ہے، جسے کامیاب کارروائی میں ہدف بنایا گیا تھا۔ حکام کے مطابق دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک کے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔





