فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سعودی وزیر دفاع سے اہم ملاقات، خطے کی سلامتی پر تبادلہ خیال

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سعودی وزیر دفاع سے اہم ملاقات، خطے کی سلامتی پر تبادلہ خیال

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاک سعودی دفاعی معاہدے اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی وزیر دفاع کے بیان کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب پر ایرانی حملوں، پاک سعودی دفاعی معاہدے اور اسٹریٹجک تعاون کے تحت حملوں کو روکنے کے اقدامات پر بات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایرانی حملوں سے علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچا ہے اور پاکستان و سعودی عرب کو امید ہے کہ ایران ہمسایہ ممالک کی خودمختاری کا احترام کرے گا اور غلط فہمیوں سے بچنے کی کوشش کرے گا۔

ملاقات میں چیف آف جنرل اسٹاف فیاض الرویلی اور وزیر دفاع کے مشیر برائے انٹیلیجنس امور ہشام بن سیف بھی شریک تھے، جبکہ پاکستانی وفد میں بریگیڈیئر محمد جاوید طارق شامل تھے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان موجود مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے مطابق اگر سعودی عرب یا پاکستان پر کوئی بیرونی مسلح حملہ ہوتا ہے تو اسے دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ اس معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دفاعی تعاون قرار دیا جاتا ہے، جس کا مقصد مشترکہ دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کرنا اور خطے میں سلامتی و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

Scroll to Top