پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت 55 روپے فی لیٹر تک اضافے کو عوام دشمن فیصلہ قرار دیتے ہوئے ایمل ولی خان نے حکومت کی شدید مذمت کی ہے۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ضرور ہوا ہے، تاہم جو پٹرول اور ڈیزل ملک میں دستیاب ہیں وہ پرانی قیمتوں پر خریدے گئے تھے۔ اس کے باوجود یکدم 55 روپے فی لیٹر اضافہ کرنا عوام پر مہنگائی کا بم گرانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پہلے ہی پٹرولیم مصنوعات پر فی لیٹر تقریباً 100 روپے تک مختلف ٹیکسز اور لیوی وصول کر رہی ہے۔ ایسے حالات میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید بوجھ ڈالنا انتہائی افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔
ایمل ولی خان نے خبردار کیا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اس بے تحاشہ اضافے سے مہنگائی کی نئی لہر آئے گی، جس کا براہ راست اثر عام شہری، مزدور، کسان اور متوسط طبقے پر پڑے گا۔ اس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ، خوراک اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا اور پہلے سے مشکلات کا شکار عوام کی زندگی مزید اجیرن بن جائے گی۔





