لاہور: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری اسرائیل ایران تنازعے کے ملکی معیشت پر اثرات کے حوالے سے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس خطے سے آنے والے تیل پر انحصار کی وجہ سے پاکستان شدید متاثر ہو رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ عالمی بحران کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور سخت فیصلے کرنا اب ناگزیر ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے فیصلے خوشی یا مرضی سے نہیں کیے جاتے بلکہ معاشی تحفظ اور قوم کو عالمی بحران سے نکالنے کی ذمہ داری کے تحت کرنا لازم ہوتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے موجودہ جنگی حالات میں قومی اتحاد اور یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم بحیثیت قوم ہمت، دانائی اور دور اندیشی کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ قوم اپنے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ کھڑی ہے اور اس بحران کے مقابلے کے لیے متحد ہے۔
سینئر وزیر نے میڈیا، عوام اور ہر خاندان سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں اپنا کردار ادا کریں اور ثابت قدم قوم بن کر چیلنج کا سامنا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزمائش کے وقت قومیں بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات اٹھاتی ہیں، لہٰذا ہمیں اجتماعی کاوشوں سے اس معاشی لہر کا مقابلہ کرنا ہوگا۔





