اسرائیلی و امریکی سفیروں کو نکالنے والے ممالک آبنائے ہرمز استعمال کر سکیں گے، ایران کا بڑا اعلان

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ممالک جنہوں نے اسرائیلی اور امریکی سفیروں کو اپنے ملک سے نکال دیا ہے، انہیں آبنائے ہرمز کے استعمال کی اجازت دی جائے گی۔

پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے ممالک کل سے آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے مکمل آزادی کے ساتھ اپنے جہازوں کی آمدورفت جاری رکھ سکیں گے۔

پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے ایران کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کو بے معنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کے خاتمے کا فیصلہ ایران خود کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خطے میں سلامتی یا تو سب کے لیے ہوگی یا پھر کسی کے لیے نہیں۔

ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر ایران پر حملے جاری رہے تو خطے سے ایک لیٹر تیل بھی برآمد نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں پورے خطے میں توانائی کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ری پبلکن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت آنے پر امریکی بحریہ آبنائے ہرمز میں جہازوں کی حفاظت کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں موجود دہشتگرد گروہ عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں، عاصم افتخار

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ضرورت پڑنے پر کمرشل جہازوں کے ساتھ امریکی بحریہ کے جنگی جہاز بھی تعینات کیے جا سکتے ہیں۔

اس سے قبل بھی امریکی صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو آبنائے ہرمز میں کمرشل جہازوں کی حفاظت کے لیے امریکی بحریہ کو تعینات کیا جائے گا۔

امریکی صدر کے اس بیان کے بعد ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے ڈونلڈ ٹرمپ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہمت ہے تو آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی حفاظت کے لیے امریکی بحری جہاز تعینات کر کے دکھائیں۔

Scroll to Top