وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں عالمی و علاقائی کشیدگی کے تناظر میں ملکی معاشی استحکام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح معاشی استحکام اور عام آدمی پر بوجھ کم کرنا ہے جس کے لیے طویل مدتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ عالمی صورتحال اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے مزید ریلیف اقدامات پر مشاورت کی جا رہی ہے۔
انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومت کے بروقت فیصلوں کی بدولت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
اجلاس میں قومی سطح پر کفایت شعاری اور بچت کی مہم پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری کے اقدامات نافذ ہو چکے ہیں جبکہ مزید بچت کے منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ قومی وسائل کا صحیح استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی تقسیم کار کمپنیوں کو سخت ہدایات جاری کیں کہ وہ حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر تیل کی فروخت کو ہر صورت یقینی بنائیں اور اس عمل میں مکمل شفافیت برقرار رکھی جائے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی مصنوعی مہنگائی یا ذخیرہ اندوزی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیراعظم نے اس عظم کا اعادہ کیا کہ تمام معاشی فیصلے ملک کے وسیع تر مفاد اور طویل مدتی استحکام کو مدنظر رکھ کر کیے جا رہے ہیں تاکہ عالمی بحرانوں کے اثرات سے ملکی معیشت کو محفوظ رکھا جا سکے





