پاکستانی اسٹار آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسٹار صاحبزادہ فرحان کو فروری کے مہینے کے لیے ‘پلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا ہے۔

صاحبزادہ فرحان کواعزاز فروری کے دوران ان کی غیر معمولی اور ریکارڈ ساز کارکردگی کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی محض 6 اننگز میں 2 شاندار سنچریوں کی مدد سے ریکارڈ 383 رنز اسکور کیے، جس نے انہیں عالمی کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنا دیا۔

واضح رہے کہ اس اعزاز کی دوڑ میں انگلینڈ کے ول جیکس اور امریکہ کے شیڈلے وین شیلوک بھی نامزد تھے تاہم صاحبزادہ فرحان کی برق رفتار بیٹنگ اور مستقل مزاجی نے انہیں اس ٹائٹل کا حقدار ٹھہرایا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے صاحبزادہ فرحان کو یہ سنگِ میل عبور کرنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ صاحبزادہ فرحان کا یہ اعزاز پاکستان کرکٹ کے لیے باعثِ فخر ہے اور یہ ان کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ اپروچ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان بیٹر اپنی کارکردگی کا یہ تسلسل برقرار رکھیں گے اور مستقبل میں ملک کے لیے مزید کامیابیاں سمیٹیں گے۔

Scroll to Top