پی ایس ایل 11، حیدر آباد کنگز مین کو مسلسل دوسری شکست

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے سنسنی خیز مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حیدرآباد کنگز مین کو 40 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی جبکہ کنگز مین کو مسلسل دوسری ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز کا مضبوط مجموعہ ترتیب دیا۔

شمائل حسین 54 اور حسن نواز 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ٹام کرن نے 31 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔

ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کنگز مین کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز ہی بنا سکی۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11، لاہور قلندرز نے حیدرآباد کنگزمین کو باآسانی ہرا دیا

عرفان خان 33 اور حسان خان 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کپتان مارنس لبوشین 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ احمد دانیال نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ عثمان طارق، الزاری جوزف اور سعود شکیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی میچز میں شکست سے دوچار ہوئی تھیں تاہم اس کامیابی کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر کرلی ہے۔

Scroll to Top