بونیر میں زلزلے کے جھٹکے، متعدد افراد متاثر، طبی امداد جاری

سلمان یوسفزئی

بونیر: بونیر میں آنے والے زلزلے کے بعد 6 افراد کو علاج کی غرض سے ہسپتال منتقل کیا گیا، جن میں 5 خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔

طبی حکام کے مطابق زیادہ تر متاثرین شدید خوف کا شکار ہوئے، جس کے نتیجے میں 4 افراد کو پینک اٹیک ہوا۔

ان میں سے دو افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی، جبکہ باقی دو بدستور زیرِ علاج ہیں۔

رپورٹس کے مطابق متاثرہ افراد کا تعلق ڈگر، برکلے، انغاپور اور شلبانڈئی سے ہے۔ ڈگر کی رہائشی جویریہ اور برکلے کی اصلیت بی بی کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا، جبکہ انغاپور کے زکریا اور برکلے کی بی بی زاہدہ کا علاج جاری ہے۔

دوسری جانب شلبانڈئی سے تعلق رکھنے والی رضیہ بی بی کے بائیں پاؤں کی ہڈی میں فریکچر آیا ہے اور انہیں طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں، مکان کی چھت گرنے سے2 بچے زندگی کی بازی ہار گئے

اسی علاقے کی گلزارون بی بی کو دائیں کندھے پر معمولی چوٹ لگی، جنہیں مزید معائنے کے لیے ایکسرے کروانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام متاثرین کو فوری طور پر طبی سہولیات فراہم کی گئیں اور ہسپتال میں ضروری انتظامات کو یقینی بنایا گیا۔

Scroll to Top