پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ نے ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل، حمزہ بابا مزار کے مقام پر افغانستان جانے والے خاندانوں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ ٹرانزٹ کیمپ قائم کیا ہے۔
یہ کیمپ ملک بھر میں مقیم غیر قانونی افغان شہریوں کی با عزت واپسی کے عمل کو منظم انداز میں جاری رکھنے کے لیے بنایا گیا ہے، جہاں سے یہ افراد براستہ طورخم بارڈر افغانستان روانہ ہوتے ہیں۔
کیمپ میں کھانے پینے، صاف پانی، طبی سہولیات، واش رومز، پارکنگ اور خاندانوں کے لیے باقاعدہ انتظار گاہ سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق، ہر خاندان کو مکمل سہولت فراہم کرنا یقینی بنایا جا رہا ہے۔
حالیہ بارشوں کے باعث پیش آنے والی مشکلات کے پیشِ نظر، ضلعی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو ریسکیو 1122 کی زیرِ تعمیر عمارت میں منتقل کیا تاکہ انہیں مزید بارشوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : بینک صارفین کی الجھن ختم، ٹیلی کام سیکٹر نے وضاحت دے دی
ٹرانزٹ کیمپ میں ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، نادرا، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و اہلکار تعینات ہیں جو واپسی کے پورے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔
مزید برآں مستقبل میں ایسے موسمی حالات سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے کی جانب سے واٹر پروف کینوپیز کی فراہمی کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے تاکہ واپسی کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ واپسی کے عمل میں شامل تمام خاندان آرام دہ، محفوظ اور منظم ماحول میں اپنے آبائی وطن روانہ ہوں، اور یہ اقدام خیبرپختونخوا حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا حصہ ہے۔





