صبح صبح بری خبر آگئی، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ

صبح صبح بری خبر آگئی، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ

امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں، ایران سے بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 2.2 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 111 ڈالر 43 سینٹ فی بیرل تک پہنچ گئی۔ اسی طرح ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت میں 2.7 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا اور یہ 114 ڈالر 57 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی اور ممکنہ جنگی صورتحال نے عالمی توانائی منڈی کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت دھمکیاں دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر آبنائے ہرمز کو بند کیا گیا تو امریکا سخت ردعمل دے گا۔ انہوں نے اپنی سابقہ ڈیڈ لائن میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ایران کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی مزید بڑھی تو عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس کے اثرات عالمی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔

Scroll to Top