نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق 2026 کی دوسری قومی انسدادِ پولیو مہم ملک بھر میں 13 سے 19 اپریل تک جاری رہے گی۔
مہم کے دوران ملک بھر میں 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ بچوں کو اضافی قوت مدافعت کے لیے وٹامن اے کی خوراک بھی فراہم کی جائے گی۔
این ای او سی کے مطابق اس قومی مہم میں 4 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے تاکہ کوئی بچہ حفاظتی ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔
پنجاب میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد، سندھ میں 1 کروڑ 6 لاکھ سے زائد، خیبر پختونخوا میں 72 لاکھ سے زائد اور بلوچستان میں 26 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحیٰ سے قبل کانگو بخار کا خدشہ، قومی ادارہ صحت نے ایڈوائزری جاری کردی
اسی طرح اسلام آباد میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد اور آزاد جموں و کشمیر میں 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔
این ای او سی نے کہا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے جو بچوں کو عمر بھر کی معذوری میں مبتلا کر سکتا ہے اس لیے والدین پولیو ورکرز کے لیے دروازے کھولیں اور اپنے بچوں کو ویکسین لازمی پلائیں۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق یہ مہم ملک میں پولیو کے خاتمے کے قومی ہدف کے حصول کے لیے انتہائی اہم ہے اور عوامی تعاون اس میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔





