وزیراعظم شہباز شریف سے کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے منگل کی شام ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن اور سفارتی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کینیڈین وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی اور کہا کہ انہی کوششوں کے باعث عارضی جنگ بندی ممکن ہوئی، انہوں نے حالیہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی پر بھی پاکستان کے کردار کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کینیڈا کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایران مذاکرات خطے میں امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان جنگ بندی کو برقرار رکھنے، کشیدگی میں کمی اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان خطے میں پائیدار امن کیلئے کردار ادا کرتا رہیگا، وزیراعظم
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور زراعت، قابل تجدید توانائی، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا، اس کے علاوہ پاکستان میں کینیڈا کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کینیڈین وزیراعظم کو ان کی سہولت کے مطابق پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا، جسے خوش آئند قرار دیا گیا۔
گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے باہمی روابط کو مزید مستحکم رکھنے اور قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔





