پشاور کے علاقے ریگی ناردرن بائی پاس کے قریب سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو اہم دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت عباس اور عثمان کے نام سے ہوئی ہے جو شاہی بالا کے رہائشی اور سی ٹی ڈی کانسٹیبل ثناء اللہ کی شہادت میں ملوث اشتہاری تھے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد تخریب کاری کی غرض سے ریگی بائی پاس کے قریب نقل و حرکت کر رہے ہیں۔
اس اطلاع پر سی ٹی ڈی کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیم نے علاقے میں گھات لگا لی۔ دہشت گردوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی جس پر جوانوں نے جوابی کارروائی کی۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد جب سرچ آپریشن کیا گیا تو دو دہشت گرد ہلاک پائے گئے۔ ہلاک دہشت گرد عباس کے قبضے سے شہید کانسٹیبل ثناء اللہ کا ذاتی موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے۔ اس کے علاوہ دہشت گردوں سے کلاشنکوف، نائن ایم ایم پستول اور بڑی تعداد میں کارتوس بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے دیگر ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر ٹیم کو خصوصی شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔





