خیبرپختونخوا میں فلیش فلڈ کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری

اعجاز آفریدی
پشاور: خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث فلیش فلڈ (سیلابی ریلوں) کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس پر پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق سوات، دیر اپر، دیر لوئر، چترال اپر اور چترال لوئر کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کو مکمل طور پر الرٹ رکھا جائے اور تمام ضروری وسائل کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ حساس علاقوں اور خطرے سے دوچار آبادیوں کی نشاندہی مکمل کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے واضح کیا ہے کہ ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب رہنے والے افراد کو بروقت آگاہ کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر ان کا محفوظ مقامات پر انخلاء یقینی بنایا جائے۔

متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپس قائم کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے جہاں خوراک، ادویات اور رہائش کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

مزید کہا گیا ہے کہ کسانوں اور مویشی پال حضرات کو اپنے جانور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں ٹریفک کی نقل و حرکت محدود رکھنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری، نیوزی لینڈ جانے کا نیا اور آسان راستہ

پی ڈی ایم اے کے مطابق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بارشوں کے باعث ممکنہ رکاوٹوں کی صورت میں سڑکوں کی فوری بحالی یقینی بنائیں اور ہنگامی آلات پہلے سے حساس مقامات پر پہنچائے جائیں۔

ادارے نے یہ بھی کہا ہے کہ تمام صورتحال کی ہر 6 گھنٹے بعد رپورٹ جمع کرائی جائے، جبکہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے۔ شہری کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔

Scroll to Top