مردان میں منعقدہ سیاسی جلسے کے باعث مقامی دکانداروں اور کاروباری افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے، جس پر انہوں نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج اور ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورہ مردان ریلوے اسٹیشن کے موقع پر ریلوے اسٹیشن گراؤنڈ میں سیاسی جلسے کا انعقاد کیا گیا، جس کے باعث علاقے میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو گئیں۔
ایئر کولرز اور دیگر سامان کی فروخت سے وابستہ دکانداروں نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے انہیں ہدایت دی جا رہی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنا سامان وہاں سے ہٹا لیں، جس سے ان کے لیے شدید مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس سامان رکھنے یا منتقل کرنے کے لیے کوئی متبادل جگہ موجود نہیں، جس کے باعث وہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ ایک دکاندار نے سوال اٹھایا کہ “ہم اپنا سامان کہاں لے کر جائیں؟”
کاروباری افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ ایسے فیصلے کرتے وقت مقامی دکانداروں اور روزگار پر انحصار کرنے والے افراد کے مسائل کو بھی مدنظر رکھے، تاکہ انہیں معاشی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
صورتحال کے باعث علاقے میں کشیدگی اور بے چینی کی فضا بھی دیکھی جا رہی ہے، جبکہ متاثرہ دکانداروں کی جانب سے مزید احتجاج کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔





