گلگت بلتستان میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ، شاہراہ قراقرم ٹریفک کے لیے بند

گلگت بلتستان میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔

گلگت بلتستان پولیس کے ترجمان کے مطابق حالیہ بارشوں نے علاقے کو شدید متاثر کیا، جس کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور مرکزی شاہراہ بند ہو گئی۔

کوہستان کے علاقے لاچی نالہ کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں شاہراہ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گئی ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال کے پیش نظر مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب چلاس شہر اور اس کے گردونواح میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم سرد ہو گیا ہے اور معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

بالائی علاقوں میں بھی موسم شدید سرد ہے ، بابوسر ٹاپ، نانگا پربت اور بھٹوگاہ ٹاپ پر وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

متعلقہ ادارے شاہراہ کو بحال کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں تاہم ٹریفک کی بحالی میں وقت لگنے کا امکان ہے۔

Scroll to Top