پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ کے علاقے لنگر سرائے میں انسانیت سوز واقعہ، نامعلوم سفاک ملزمان نے ایک بے زبان گائے کی زبان کاٹ کر اسے شدید زخمی کر دیا۔
محکمہ لائیو اسٹاک کے حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گائے کی آدھی زبان کسی تیز دھار آلے سے کاٹی گئی ہے، جس کے باعث جانور شدید تکلیف میں ہے اور چارہ کھانے کے قابل نہیں رہا۔
متاثرہ گائے کے مالک نے پولیس کو دیے گئے بیان میں موقف اختیار کیا ہے کہ ملزمان نے نہ صرف گائے پر ظلم کیا بلکہ ان کی بکریوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔
اس حوالے سے تھانہ صدر میں قانونی کارروائی کے لیے درخواست دے دی گئی ہے، جس پر پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پاکستان میں حالیہ کچھ عرصے کے دوران بے زبان جانوروں پر تشدد اور ان کے اعضا کاٹنے کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سوات، سیدو شریف اسپتال کے قریب فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی
گزشتہ سال دسمبر میں بلوچستان کے علاقے روجھان جمالی میں بھی ایسا ہی ایک دلخراش واقعہ پیش آیا تھا جہاں ایک بااثر زمیندار نے محض کھیتوں میں داخل ہونے پر ایک اونٹ کی ٹانگ کلہاڑی سے کاٹ دی تھی۔
اس واقعے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے حرکت میں آتے ہوئے مقدمہ درج کیا تھا۔
جانوروں کے خلاف بڑھتی ہوئی یہ درندگی معاشرے میں اخلاقی پستی اور بے حسی کی نشاندہی کرتی ہے جس پر فوری تدارک کی ضرورت ہے۔





