خیبر پختونخوا حکومت کی ناکامی! سرکاری ہسپتالوں میں فالج کا انجکشن غائب، قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی

خیبر پختونخوا حکومت کی ناکامی! سرکاری ہسپتالوں میں فالج کا انجکشن غائب، قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی

خیبر پختونخوا پشاور میں صحت کا بحران شدت اختیار کر گیا، فالج کا انجکشن نایاب، قیمت ایک لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔

پشاور میں فالج کے فوری علاج کے لیے استعمال ہونے والا اہم انجکشن شدید قلت کا شکار ہو گیا ہے، جس کے باعث مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ کو سنگین مالی اور ذہنی مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ زندگی بچانے والی دوا اب مارکیٹ میں 50 ہزار روپے سے لے کر 70 ہزار روپے اور بعض صورتوں میں ایک لاکھ روپے تک فروخت ہو رہی ہے، جبکہ گزشتہ چند دنوں میں اس کی قیمت میں 30 ہزار روپے سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تشویشناک صورتحال یہ ہے کہ صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں یہ انجکشن دستیاب نہیں، جس کے باعث ایمرجنسی میں مریضوں کو مجبوری کے تحت مہنگی ادویات میڈیکل اسٹورز سے خریدنا پڑ رہی ہیں۔ ماہرین کے مطابق فالج کے مریض کو بروقت یہ انجکشن نہ ملنے کی صورت میں جان کے ضیاع یا مستقل معذوری کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔

مزید یہ کہ پشاور میں دیگر جان بچانے والی ادویات اور مختلف بیماریوں کے انجکشن کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جہاں بعض ادویات کی قیمتوں میں ایک ہزار روپے سے لے کر 40 ہزار روپے تک اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔

شہریوں اور مریضوں کے اہلِ خانہ نے حکومت سے فوری نوٹس لینے اور سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Scroll to Top