پراپرٹی خریدنے والوں کیلئے خوشخبری، ٹیکس شرح میں بڑی کمی

پنجاب حکومت نے پراپرٹی مالکان کے لیے بڑا ریلیف دیتے ہوئے اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد صوبے بھر میں جائیداد کی خرید و فروخت پر عائد ٹیکس نظام میں اہم تبدیلی متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق مجوزہ ترمیم کے تحت اسٹامپ ڈیوٹی کی موجودہ شرح 3 فیصد سے کم کر کے صرف 1 فیصد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ پنجاب اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے ریونیو کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت چیئرمین محمد احمد خان لغاری نے کی۔

اجلاس میں اسٹامپ آرڈیننس کی منظوری بھی دی گئی، جس کے بعد شہری اور دیہی علاقوں میں شرحِ ٹیکس کو یکساں کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل شہری علاقوں میں 1 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 3 فیصد اسٹامپ ڈیوٹی وصول کی جاتی تھی، جس پر مختلف شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔

نئے فیصلے کے مطابق اب پورے پنجاب میں یکساں 1 فیصد اسٹامپ ڈیوٹی نافذ ہوگی، جس کا مقصد نظام کو سادہ، شفاف اور عوام دوست بنانا ہے۔ حکام کے مطابق اس تبدیلی سے نہ صرف ٹیکس کا بوجھ کم ہوگا بلکہ جائیداد کے لین دین میں آسانی بھی پیدا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : پاسپورٹ سروسز میں اہم تبدیلی، نئے اوقات اور فیسوں کا اعلان

مزید بتایا گیا ہے کہ منظور شدہ آرڈیننس کے تحت متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم بھی شامل کی جائیں گی، جن میں قابلِ منتقلی معاہدے کو شامل کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ حکومتی مؤقف کے مطابق یہ اصلاحات ریونیو نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوشش ہیں۔

واضح رہے کہ یہ ترمیمی آرڈیننس پہلے ہی 10 اپریل کو گورنر پنجاب کی جانب سے منظور کیا جا چکا ہے۔ اب اسے حتمی منظوری کے لیے پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جس کے بعد اس پر باقاعدہ عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔

Scroll to Top