پشاور: خیبر پختونخوا پولیس میں عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید نے ٹریفک ہیڈکوارٹرز پشاور میں جدید اور مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب ٹریفک لائنز گلبہار پشاور میں منعقد ہوئی، جہاں سٹی ٹریفک پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پی کو سلامی پیش کی۔ بعد ازاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء پولیس کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
اس اہم موقع پر ایڈیشنل آئی جی ہیڈکوارٹرز عباس احسن، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن عالم شنواری، سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز عباس مجید مروت اور چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ سمیت اعلیٰ پولیس حکام نے شرکت کی۔
افتتاح کے بعد آئی جی پی نے نئی لائسنس برانچ کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور کاؤنٹرز پر موجود عملے سے ملاقات کی۔
انہیں جدید ڈیجیٹل نظام کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جہاں بتایا گیا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل اسکرینز، خودکار نظام اور تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا گیا ہے تاکہ لائسنس کے حصول کا عمل آسان اور تیز بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : پراپرٹی خریدنے والوں کیلئے خوشخبری، ٹیکس شرح میں بڑی کمی
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا نے کہا کہ شہریوں کو لائسنس کے حصول میں سہولت فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
ان کے مطابق محکمہ پولیس جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر خدمات کے معیار کو بہتر بنا رہا ہے تاکہ عوام کو ایک شفاف اور آسان نظام فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ون ونڈو سسٹم کے تحت اب شہریوں کو ایک ہی چھت کے نیچے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق تمام خدمات میسر ہوں گی، جس سے وقت کی بچت اور نظام میں شفافیت یقینی بنائی جا سکے گی۔





