صوبائی وزیر برائے محنت فیصل خان ترکئی نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کا دورہ کیا، جہاں مستحق افراد میں اسکالرشپس، ملازمین کی ریگولرائزیشن اور رہائشی فلیٹس کی چابیاں تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 2056 فلیٹس میں سے 189 فلیٹس کی الاٹمنٹ مکمل کر کے چابیاں مستحق افراد کے حوالے کر دی گئی ہیں، جبکہ باقی فلیٹس بھی جلد شفاف طریقے سے الاٹ کیے جائیں گے۔
فیصل خان ترکئی کے مطابق مالی سال 2025-2026 کے دوران ایک ارب روپے کی اسکالرشپس مستحق طلبہ کو دی گئی ہیں تاکہ ان کی تعلیم کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہ سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبرپختونخوا میں 2011 کے بعد پہلی بار 2722 ملازمین کو ریگولرائز کیا گیا ہے، جو ایک تاریخی اقدام ہے۔
صوبائی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت شفافیت، ڈیجیٹلائزیشن اور عوامی خدمت کے اصولوں کے تحت اداروں کی بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔





