نادرا نے شہریوں کی سہولت کے لیے ای سہولت فرنچائزز کو محدود اختیارات فراہم کر دیے ہیں، جس کے بعد شناختی دستاویزات سے متعلق کئی اہم خدمات اب قریبی دکانوں کی طرز پر قائم مراکز سے حاصل کی جا سکیں گی۔
تفصیلات کے مطابق یہ ای سہولت فرنچائزز ملک کے مختلف شہروں میں کام کر رہی ہیں، جبکہ صرف لاہور میں ان کی تعداد 173 ہے۔ یہ مراکز عام دکانوں کی شکل میں گلی محلوں میں موجود ہیں، جس سے شہریوں کو بڑے نادرا دفاتر کے طویل چکر نہیں لگانے پڑیں گے
نئے فیصلے کے تحت 10 سال سے کم عمر بچوں کا ب فارم بھی اب ای سہولت فرنچائزز سے بنایا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ شناختی کارڈ کی تجدید اور گمشدہ شناختی کارڈ کے متبادل کے لیے درخواستیں بھی انہی مراکز پر جمع کروائی جا سکیں گی۔
مزید برآں فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈ کی منسوخی کی سہولت بھی ای سہولت فرنچائزز کو دے دی گئی ہے، جس سے ورثاء کو اہم دستاویزی کارروائی میں نمایاں آسانی میسر آئے گی۔
نادرا حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو گھر کی دہلیز کے قریب بنیادی شناختی سہولیات فراہم کرنا، دفاتر پر رش کم کرنا اور عوام کے وقت اور اخراجات میں کمی لانا ہے۔





