بنوں،جعلی دستاویزات پر شناختی کارڈ حاصل کرنے والا افغان شہری سہولت کار سمیت گرفتار

سلمان علی خان

بنوں پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات کے ذریعے پاکستانی شہریت حاصل کرنے والے افغان شہری اور اسے اپنے خاندان میں شامل کرنے والے سہولت کار کو گرفتار کر لیا ہے۔

ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کو اطلاع ملی تھی کہ تھانہ غوریوالہ کی حدود امین مغل خیل میں ایک افغان باشندے شوکت اللہ نے بھاری رقم کے عوض خود کو پاکستانی خاندان کا حصہ ظاہر کر کے قومی شناختی کارڈ حاصل کر رکھا ہے۔

اطلاع کی تصدیق ہوتے ہی ڈی پی او کے حکم پر ایس ایچ او غوریوالہ عبدالصبور خان نے چھاپہ مار کر غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری شوکت اللہ اور اسے پناہ دینے والے مقامی شخص یاسر خان کو گرفتار کر لیا۔

تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ یاسر خان نے محض مالی فائدے کے لیے افغان شہری کو اپنے خاندان کے کوائف میں شامل کروایا اور شناختی کارڈ بنوانے میں مدد فراہم کی۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جس کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں حوالات منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او بنوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جعلی دستاویزات بنانے والوں اور غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف بلا امتیاز ایکشن جاری رہے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

Scroll to Top