نادرا کی جانب سے ڈیجیٹل نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھایا گیا ہے جس کے تحت صارفین کی سہولت کے لیے انتہائی جدید اور منظم ویب سائٹ متعارف کرا دی گئی ہے۔
اس نئی ویب سائٹ کا مقصد شناختی کارڈ، نائیکوپ، پی او سی اور ایف آر سی سمیت تمام اہم خدمات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا کرنا ہے تاکہ شہریوں کو مختلف دفاتر یا لنکس کے چکر نہ کاٹنے پڑیں۔
جدید ٹیکنالوجی سے لیس اس پورٹل میں رجسٹریشن ڈیٹا اور اعدادوشمار کو جدید “nGRIDS” سسٹم کے ذریعے نقشوں کی صورت میں پیش کیا گیا ہے، جبکہ ضلعی سطح پر مردم شماری اور رجسٹریشن کا تقابلی جائزہ بھی فراہم کیا گیا ہے۔
ویب سائٹ پر ایک خصوصی میپ گیلری بھی بنائی گئی ہے جو تحقیقی سرگرمیوں اور حکومتی منصوبہ بندی میں معاون ثابت ہوگی۔ اس کے علاوہ قومی و صوبائی سطح کے اعدادوشمار، رجحانات اور پیدائش، وفات، شادی و طلاق کی رجسٹریشن کے نظام کو بھی مزید مربوط اور واضح کر دیا گیا ہے۔
ویب سائٹ میں نہ صرف عام شہریوں بلکہ بینکاری، ٹیلی کام اور دیگر سرکاری اداروں کے لیے تصدیقی خدمات کو بھی آسان بنا دیا گیا ہے۔ شکایات کے ازالے کے لیے کال سنٹر، آئی وی آر اور ای میل سپورٹ کو مزید فعال کیا گیا ہےجبکہ نادرا کیریئر پورٹل کی اپ گریڈیشن سے اب ملازمت کے لیے آن لائن درخواست دینا بھی نہایت آسان ہو گیا ہے۔
ملک بھر میں موجود رجسٹریشن مراکز اور موبائل وینز کی مکمل معلومات اب ایک کلک پر دستیاب ہوں گی جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی بھرپور رہنمائی ملے گی۔





