کوہستان میں جنگلات کی کٹائی، فیکٹ چیک کے بعد پی ٹی آئی رہنما اظہر مشوانی نے ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اظہر مشوانی نے خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں بڑے پیمانے پر جنگلات کی کٹائی سے متعلق اپنی ٹویٹ حقائق سامنے آنے (فیکٹ چیک) کے بعد ڈیلیٹ کر دی ہے۔

سوشل میڈیا پر کوہستان میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد اظہر مشوانی نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ویڈیوز جعلی ہیں اور پاکستان کی نہیں ہیں۔

تاہم ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر مقامی ذرائع نے ان کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے ثابت کیا کہ مذکورہ ویڈیوز ایک مقامی ٹک ٹاکر کی ہیں جس کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان سے ہے۔

ان ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لکڑی کی اسمگلنگ کے لیے جنگل کے بیچوں بیچ کلومیٹر طویل راستہ بنایا گیا ہے جو گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے باوجود ٹمبر مافیا کی بے خوفی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے زیر انتظام خیبر پختونخوا میں جنگلات کا صفایا کیا جا رہا ہے اور ٹمبر مافیا کو مستقبل کی نسلوں کی خاطر کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔

فیکٹ چیکر کے مطابق ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے شخص کی لوکیشن اور شناخت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ثبوت کے طور پر ٹک ٹاک اکاؤنٹ، لوکیشن اور ویڈیو کے آخری حصے میں ٹک ٹاکر کا خود کیمرے کے سامنے آنا شامل ہے۔

کوہستان کے مقامی صحافیوں نے بھی پشتون ڈیجیٹل کو تصدیق کی ہے کہ یہ ویڈیوز حالیہ ہیں اور کوہستان کے مقام پر ہی فلمائی گئی ہیں۔

Scroll to Top