ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری چینی حکومت کی دعوت پر آج چین کے سرکاری دورے پر روانہ ہو رہے ہیں، جو یکم مئی تک جاری رہے گا۔
ترجمان کے مطابق صدر زرداری 25 سے 27 اپریل تک چین کے صوبہ ہنان کے شہر چانگ شا جبکہ 28 اپریل سے یکم مئی تک صوبہ ہینان کے شہر سانیا کا دورہ کریں گے۔
دورے کے دوران صدر مملکت چینی صوبائی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح روابط کی دیرینہ روایت کا تسلسل ہے، جبکہ رواں سال پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال بھی مکمل ہو رہے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر زرداری کا یہ دورہ پاک چین “آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ” کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی سمت ملنے کی توقع ہے۔





