دیرینہ دوستی کا نیا باب! پاکستان اور چین نے اسٹریٹیجک شراکت داری میں اہم سنگ میل عبور کر لیا

دیرینہ دوستی کا نیا باب! پاکستان اور چین نے اسٹریٹیجک شراکت داری میں اہم سنگ میل عبور کر لیا

پاکستان اور چین کی دیرینہ اسٹریٹیجک شراکت داری نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے، جس کے تحت چین کے شہر سانیا میں پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ کی شاندار تقریب منعقد کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری تھے، جبکہ پاک بحریہ کے سربراہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے ہنگور کلاس آبدوز کی شمولیت کو پاک بحریہ کے جدید کاری کے سفر میں ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع، بحری مفادات اور اقتصادی راہداریوں کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، اور اس نوعیت کی جدید دفاعی صلاحیتیں قومی سلامتی کو مزید مضبوط بنائیں گی۔

نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہم بحری راستوں کی بندش عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتی ہے، جبکہ ہنگور کلاس آبدوزیں جارحیت کے تدارک اور سمندری تجارتی گزرگاہوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 1971 کی پاک بھارت جنگ میں سابقہ ہنگور آبدوز نے دوسری جنگ عظیم کے بعد دشمن کا جنگی جہاز تباہ کرنے کا تاریخی کارنامہ انجام دیا تھا، جو پاک بحریہ کی روایات کا روشن باب ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن ٹیکنالوجی اور جدید سونار سسٹمز سے لیس ہیں۔ ان کا اسٹیلتھ ڈیزائن اور طویل آپریشنل صلاحیت انہیں مزید مؤثر بناتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس اہم پیش رفت پر پاک بحریہ کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے دفاعی تعاون میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔

Scroll to Top