الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ،دو سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کردی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشنز ایکٹ اور رولز کی مسلسل خلاف ورزیوں پر دو سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کرتے ہوئے انہیں ڈی لسٹ کر دیا ہے۔

جاری  نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی لسٹ کی گئی جماعتوں میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی “پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی” اور “استحکام پاکستان تحریک” شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں جماعتوں کے خلاف یہ کارروائی انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے اور سالانہ مالی گوشوارے جمع نہ کرانے پر عمل میں لائی گئی ہے۔ پولیٹیکل فنانس ونگ کی سفارش پر کی گئی اس کارروائی کے نتیجے میں دونوں جماعتوں سے ان کے الاٹ کردہ انتخابی نشانات بھی واپس لے لیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان جماعتوں کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے متعدد مواقع فراہم کیے گئے تھے، تاہم تعمیل نہ ہونے پر 16 اپریل کو انہیں ڈی لسٹ کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد ملک میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی مجموعی تعداد کم ہو کر 167 رہ گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین فہرست میں ایک اہم انکشاف یہ بھی سامنے آیا ہے کہ اس وقت ملک میں 4 سیاسی جماعتیں ایسی ہیں جو اپنے کسی باضابطہ سربراہ کے بغیر موجود ہیں۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ تمام رجسٹرڈ جماعتوں کے لیے انتخابی قوانین کی پاسداری لازمی ہے بصورتِ دیگر ان کے خلاف ضابطے کی کارروائی جاری رہے گی۔

Scroll to Top