متحدہ عرب امارات: خلیجی ریاست کے اہم شہر دبئی میں جائیداد خریدنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے، جہاں حکام نے رہائشی ویزا کے قوانین میں نمایاں نرمی کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کو دو سالہ رہائش کی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے دبئی مزید پرکشش اور آسان ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نئی پالیسی کے تحت اب ایک ہی مالک کے نام پر جائیداد کی مخصوص قیمت کی شرط ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اس کے علاوہ مشترکہ جائیداد رکھنے والے افراد بھی رہائشی ویزا کے اہل ہوں گے، تاہم ہر سرمایہ کار کا حصہ کم از کم چار لاکھ درہم ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق نئی پالیسی میں سرمایہ کاروں کے لیے مزید آسانیاں بھی متعارف کرائی گئی ہیں، جن کے تحت دو سالہ سرمایہ کار ویزا کو پہلے سے زیادہ سہل اور قابل رسائی بنایا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : سبسڈی میں توسیع کا اعلان، موٹر سائیکل سواروں کے لیے بڑی خوشخبری
اسی طرح پانچ سالہ ریٹائرمنٹ ویزا کے لیے دس لاکھ درہم کی شرط برقرار رکھی گئی ہے جبکہ اس کے لیے کم از کم عمر پچپن سال مقرر کی گئی ہے۔ دس سالہ گولڈن ویزا کے حصول کے لیے بیس لاکھ درہم کی سرمایہ کاری لازمی قرار دی گئی ہے۔
گولڈن ویزا رکھنے والے افراد کو اپنے اہل خانہ اور گھریلو ملازمین کی کفالت کی اجازت ہوگی، جبکہ انہیں ملک سے باہر طویل قیام کی سہولت بھی حاصل رہے گی۔





