سبسڈی میں توسیع کا اعلان، موٹر سائیکل سواروں کے لیے بڑی خوشخبری

اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے کمزور طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے موٹرسائیکل سواروں، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے دی گئی سبسڈی میں ایک ماہ کی مزید توسیع کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم نے حالیہ معاشی صورتحال کے پیش نظر گزشتہ ماہ دی جانے والی سبسڈی میں توسیع کا فیصلہ کیا تاکہ عوام کو بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دباؤ سے کچھ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ سفری کرایوں اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں کسی بھی قسم کے اضافے کو روکا جائے اور عوامی ریلیف اقدامات کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود عام شہریوں کے لیے اربوں روپے کا قومی ریلیف پیکج فراہم کیا ہے اور آئندہ بھی جہاں تک ممکن ہوا عوام کو ریلیف دیا جاتا رہے گا۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : پاسپورٹ کا انتظار ختم، اب صرف 14 دن میں اجرا ،نئی سہولت متعارف

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت صوبائی حکومتوں کے تعاون سے عوامی فلاح کے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے دعا کی کہ خطے کی صورتحال میں جلد بہتری آئے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام ممکن ہو سکے۔

اس سے قبل ایک ماہ پہلے دی گئی سبسڈی اب مزید ایک ماہ کے لیے بڑھا دی گئی ہے، جسے حکومتی سطح پر ایک اہم ریلیف اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top