فیس بک اور یوٹیوب پاکستان میں کیوں رجسٹر نہیں ہو رہے؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے حکام نے انکشاف کیا ہے کہ فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب سمیت بڑی سوشل میڈیا کمپنیاں پاکستان میں رجسٹریشن کے لیے تیار نہیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کو اپنی رپورٹ پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ متعدد بار بڑی سوشل میڈیا کمپنیوں سے پاکستان میں رجسٹریشن کے حوالے سے رابطہ کیا گیا، تاہم کسی بھی بڑی کمپنی کی جانب سے مثبت جواب سامنے نہیں آیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کمپنیوں نے پاکستان میں دفاتر نہ کھولنے کی ایک بڑی وجہ فوجداری مقدمات کے خدشات کو قرار دیا ہے۔ اس کے علاوہ ریگولیٹری وضاحت کی کمی اور موجودہ کاروباری ماحول کو بھی اہم رکاوٹوں میں شمار کیا گیا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق یہ عوامل بین الاقوامی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے پاکستان میں باقاعدہ رجسٹریشن نہ کروانے کی بنیادی وجوہات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : کمبوڈیا میں گرفتار 54 پاکستانی، جھانسہ دینے والے اپنے ہی نکلے، تہلکہ خیز انکشافات سامنے آگئے

اجلاس کے دوران پی ٹی اے حکام نے وزیرِ دفاع کی ایکس پلیٹ فارم پر اسرائیل سے متعلق پوسٹ ہٹائے جانے کے معاملے پر بھی رپورٹ پیش کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ حذف شدہ پوسٹ کی بحالی کے لیے متعلقہ فریق کی جانب سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی، جس کے باعث اس معاملے پر تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

حکام نے واضح کیا کہ اگر مستقبل میں کسی بھی معاملے پر باضابطہ شکایت موصول ہوتی ہے تو پی ٹی اے مقررہ طریقہ کار کے مطابق فوری اور مناسب کارروائی کرے گا۔

Scroll to Top