ملک کے حالات آئین و قانون کی بالادستی سے ہی بہتر ہو سکتے ہیں، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملکی حالات بہتر بنانے کا واحد راستہ آئین و قانون کی بالادستی ہے۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ ملک میں مسلسل غربت بڑھ رہی ہے جبکہ کراچی جیسے بڑے شہر میں پینے کے پانی جیسی بنیادی سہولت بھی دستیاب نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ملک کے اصل مسائل پر سنجیدہ بحث نہیں ہوتی اور نوجوان بڑی تعداد میں ملک چھوڑنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود پاکستان ہمیشہ امن اور مفاہمت کا خواہاں رہا ہے اور ایران سے متعلق معاملات میں بھی صلح اور بات چیت کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : فیس بک اور یوٹیوب پاکستان میں کیوں رجسٹر نہیں ہو رہے؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں

دوسری جانب سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ملک میں غریب طبقہ ہر چیز پر بالواسطہ ٹیکس ادا کر رہا ہے، جبکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق غربت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عام شہری کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے جبکہ تنخواہ دار طبقہ اس وقت بھاری ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔

مفتاح اسماعیل نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کی شرح کم کی جائے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Scroll to Top