خبردار! گوگل پر یہ چیزیں تلاش کرنا آپ کو مشکل میں ڈال سکتا ہے

انٹرنیٹ کی دنیا میں گوگل معلومات کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، جہاں ہر لمحہ کروڑوں سوالات کے جوابات تلاش کیے جاتے ہیں۔

ماہرینِ نفسیات اور ٹیکنالوجی کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ڈیجیٹل دنیا کی یہ آزادی ہمیشہ فائدہ مند نہیں ہوتی۔ کچھ حساس موضوعات کی تلاش آپ کو ذہنی تناؤ، طبی وہم یا قانونی شکنجے میں جکڑ سکتی ہے۔

تحقیق کی روشنی میں وہ پانچ اہم چیزیں درج ذیل ہیں جن سے دوری اختیار کرنا ہی بہتر ہے۔

معمولی سر درد یا جسمانی تھکاوٹ کو گوگل پر سرچ کرنا آپ کے لیے ذہنی اذیت بن سکتا ہے۔ انٹرنیٹ پر موجود عام معلومات اکثر ایک چھوٹی سی علامت کو بھی کسی بڑی بیماری سے جوڑ دیتی ہیں، جس سے صارف سائبر کونڈریا(آن لائن بیماریوں کا وہم) کا شکار ہو جاتا ہے۔ یاد رکھیں، گوگل سرچ انجن ہے، ڈاکٹر نہیں۔

دہشت گردی، اسلحہ سازی یا کسی بھی قسم کی مجرمانہ سرگرمی کے بارے میں معلومات حاصل کرنا آپ کو ریاستی اداروں کی نظر میں لا سکتا ہے۔ سائبر سیکیورٹی ایجنسیاں مخصوص کلیدی الفاظ (Keywords) پر نظر رکھتی ہیں، اور محض تجسس میں کی گئی سرچ بھی آپ کے لیے سنگین قانونی مسائل کھڑے کر سکتی ہے۔

طبی ماہرین خاص طور پر کینسر جیسی بیماریوں کے بارے میں انٹرنیٹ پر معلومات پڑھنے سے منع کرتے ہیں۔ کینسر کی بہت سے علامات عام انفیکشنز سے ملتی جلتی ہوتی ہیں، جنہیں پڑھ کر ایک صحت مند انسان بھی خود کو مریض تصور کرنے لگتا ہے۔ مستند تشخیص کے لیے لیبارٹری ٹیسٹ اور ڈاکٹر کا مشورہ ہی واحد راستہ ہے۔

زہریلے سانپوں یا خوفناک درندوں کی ویڈیوز اور معلومات کا بار بار مشاہدہ آپ کے لاشعور میں ‘فوبیا’ پیدا کر سکتا ہے۔ یہ خوف آپ کی نفسیات پر اس قدر حاوی ہو سکتا ہے کہ آپ کھلی جگہوں یا سفر کے دوران بلاوجہ بے چینی محسوس کرنے لگتے ہیں۔

اپنا نام گوگل پر بار بار سرچ کرنے سے آپ کا ڈیٹا ٹریکنگ الگورتھم کا حصہ بن جاتا ہے۔ اس سے نہ صرف آپ کی پرائیویسی متاثر ہوتی ہے بلکہ پرانی اور غیر ضروری آن لائن معلومات سامنے آنے سے آپ کی ساکھ یا ذہنی سکون پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔

ٹیکنالوجی کا استعمال سہولت کے لیے کریں، اسے اپنی زندگی پر حاوی نہ ہونے دیں۔ صحت اور سلامتی جیسے حساس معاملات میں سرچ انجن کے بجائے متعلقہ ماہرین سے براہِ راست رابطہ کرنا ہی محفوظ ترین طریقہ ہے۔

Scroll to Top